
فنا فی العشق
فنا فی العشق محض ایک کہانی نہیں، بلکہ ایک احساس ہے. ایسا احساس جو سوال بن کر ذہن میں اُبھرتا ہے اور جواب بننے سے پہلے کئی اور سوالات کو جنم دیتا ہے۔ یہ کہانی میرے دل کے بہت قریب ہے کیونکہ اس کا مرکزی خیال وہی اضطراب ہے جو ہر سوچنے والے انسان کے اندر کہیں نہ کہیں موجود ہوتا ہے۔ یہ داستان ایک ایسے کردار کے گرد گھومتی ہے جو اپنے اردگرد موجود ہر شخص کے اعصاب پر سوار رہتا ہے۔ وہ سوال کرتا ہے، بار بار کرتا ہے، اور جوابوں میں سے بھی سوال تلاش کر لیتا ہے۔ اس کے لیے سکون اُس وقت تک ممکن نہیں جب تک تصور واضح نہ ہو جائے۔ شاید یہی کیفیت اسے ہم سب سے جوڑ دیتی ہے، کیونکہ ہم میں سے ہر ایک نے زندگی کے کسی نہ کسی موڑ پر خود کو ایسے ہی سوالوں کے حصار میں پایا ہے۔ فنا فی العشق رومان، ٹریجڈی، مزاح اور سنجیدگی کا حسین امتزاج ہے۔ اس کہانی کے دو مرکزی کردار، فراز اور ابیرہ، محض نام نہیں بلکہ دو مختلف زاویۂ فکر کی نمائندگی کرتے ہیں. کہانی پڑھتے ہوئے قاری بارہا یہ محسوس کرے گا کہ کبھی وہ خود فراز ہے اور کبھی ابیرہ اور شاید یہی اس کہانی کی اصل طاقت ہے۔ یہ داستان نہ صرف دل کے معاملات کو بیان کرتی ہے بلکہ دورِ حاضر کے سماجی اور فکری مسائل سے بھی پردہ اٹھاتی ہے۔ یہ ہمیں محبت، شعور، الجھن اور خود شناسی کے اُن پہلوؤں سے روشناس کراتی ہے جن سے گزرنا اکثر ناگزیر ہو جاتا ہے۔ آخر میں یہ وضاحت ضروری ہے کہ اس کہانی کے تمام کردار فرضی ہیں۔ کسی حقیقی شخص یا زندگی سے مشابہت محض اتفاقیہ ہوگی. اگر کہیں کوئی عکس دکھائی دے، تو ممکن ہے وہ آپ کا اپنا ہو۔




